آرمی چیف کا یورپی یونین کے عہدیداران سے علاقائی سلامتی، افغانستان کے حالات پر تبادلہ خیال

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یورپی یونین کے عہدیداران سے ملاقات میں افغانستان سمیت علاقائی سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ دوطرفہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق بیلجیم کے سرکاری دورے کے دوران آرمی چیف نے یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروسز (ای ای اے ایس) کے جنرل سیکریٹری اسٹیفنو سنینو اور چیئرمین یورپی یونین کمیٹی کلاوڈیو گرازیانو سے ملاقاتیں کی۔

بیان میں کہا گیا کہ عہدیداران سے ملاقات کے دوران آرمی چیف نے مشترکہ مفادات، خطے میں سیکیورٹی کے حالات اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان، یورپی یونین کے رکن ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کی قدر کرتا ہے اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر اسے مزید بڑھانے کا منتظر ہے۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ یورپی یونین کے عہدیدران نے ’خطے میں امن و استحکام کی بحالی میں پاکستان کی سنجیدہ کوششوں کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ تمام سطح پر تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا‘۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال چیف آف آرمی اسٹاف نے کلاوڈیو گرازیانو سے ٹیلی فونک گفتگو میں کلیدی مسائل پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

اس سے قبل جنرل باجوہ نے کہا تھا کہ پاکستان، یورپی یونین کے ساتھ مضبوط تعلقات بنانے کا خواہ ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ہیڈکوارٹرز میں یورپی یونین کی سفیر اینڈرولا کمینارا سے ملاقات میں جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ’ پاکستان، یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کی قدر کرتا ہے اور اس بات پر توجہ دے رہا ہے کہ مشترکہ مفادات کی بنیاد پر کثیرالجہتی تعلقات کو بڑھایا جاسکے۔

یہ بھی چیک کریں

پرچون فروشوں کو کب ٹیکس نیٹ میں لایا جائیگا، آئی ایم ایف نے ایف بی آر سے ٹائم فریم مانگ لیا

اسلام آباد: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف …