لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کور کمانڈر پشاور، لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم نئے ڈی جی آئی ایس آئی تعینات

 راولپنڈی: پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر تقرر اور تبادلے کیے گئے ہیں اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور اور لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو نئے ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کردیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ‘آئی ایس پی آر’ کے جاری بیان کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کا نیا ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) تعینات کردیا گیا ہے۔

فوج میں نئی تقرریوں اور تبادلوں کے حوالے سے بیان میں کہا گیا کہ لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید کو کور کمانڈر کراچی، لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود کو صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی تعینات کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق میجر جنرل عاصم ملک کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر پاک فوج کے ایجوٹینٹ جنرل تعینات کیا گیا ہے۔

قبل ازیں آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ موجودہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تبدیلی کے علاوہ لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کو کور کمانڈر گوجرانوالہ اور لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو کوارٹر ماسٹر جنرل تعینات کیا گیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس آئی کی تعنیاتی وزیراعظم کی صوابدید ہوتی ہے تاہم وزیراعظم انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ کی تعیناتی آرمی چیف کے ساتھ مشاورت سے کرتے ہیں۔

نئے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم اس سے قبل کور کمانڈر کراچی تعینات تھے اور ستمبر 2019 میں انہیں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی۔

پاک فوج کی پنجاب رجمنٹ اور پاکستان ملیٹری اکیڈمی کے 78 ویں لانگ کورس سے تعلق رکھنے والے لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کے کمانڈنٹ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

یہ بھی چیک کریں

آزاد کشمیر میں نام نہاد دہشتگردوں کے کیمپوں کا بھارتی دعویٰ بے بنیاد ہے: پاک فوج

راولپنڈی:پاک فوج کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کے اعلیٰ افسر کا آزاد جموں و …