اسرائیلی بیان کا سیاسی محرک ہے، فلسطینیوں پر ظلم کرنے والے ملک کی نصیحت کی ضرورت نہیں: دفتر خارجہ
اسرائیل کو ہمارے داخلی مسائل پر بات کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے: چیرمین تحفظ پاکستان فورم ، حسن رانا
اسلام آباد: پاکستانی دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے پاکستان کی یونیورسل پریاڈک رپورٹ متفقہ طور پر منظور کر لی ہے نیز فلسطینیوں پر مظالم کرنے والے ملک اسرائیل کی نصیحت کی پاکستان کو ضرورت نہیں۔
اسرائیل نے اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق کے اجلاس میں پاکستان کو سفارشات پیش کیں کہ پاکستان جبری گمشدگیوں، تشدد، احتجاج پر کریک ڈاؤن، مذہبی اقلیتوں پر تشدد کو روکنےاور توہین مذہب کے قوانین کو ختم کرنے کے لیے کارروائی کرے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں پر اسرائیلی ظلم و ستم کی طویل تاریخ پیش نظر رکھتے ہوئے پاکستان کو انسانی حقوق کے تحفظ میں اسرائیلی مشورے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
اس حوالے سے ردعمل دیتے ہوئے چیرمین تحفظ پاکستان فورم حسن رانا کا کہنا ہے
اسرائیل کو ہمارے داخلی مسائل پر بات کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔بھارت اور اسرائیل اس سے پہلے بھی پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کے لئے مختلف تخریبی حربے استعمال کرتے آئے ہیں جو کہ انتہائی قابل مذمت عمل ہے۔ہم مظلوم فلسطینی بھائیوں کےساتھ ہیں، اسرائیل پہلے اپنی اصلاح کرے، فلسطینیوں پر مظالم بند کرے، پھر کسی کو نصیحت کرے۔
یہ اہم ویڈیوز بھی دیکھیں