یوم استحصال کشمیر، 5 اگست کے بھارتی اقدامات کیخلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیاں

بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی قانونی حیثیت کو  یکطرفہ تبدیل کرنے کے غیرقانونی عمل کو 3 برس مکمل ہونے پر  آج سرحد کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں رہنے والے کشمیری یوم استحصال منا رہے ہیں۔

آزاد اور مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی بربریت کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جا رہا ہے اور مکمل ہڑتال کی جا رہی ہے، بھارت کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف ریلیاں نکالی جارہی ہیں اور بین الاقوامی برادری سے 5 اگست 2019 کے اقدامات واپس لینے کے لیے دباؤ ڈالنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ 

پاکستان میں بھی  آج بھارتی اقدامات کے خلاف یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی شاہراہوں پر ٹریفک کو ایک منٹ کے لیے روکا گیا اور کشمیریوں سے  اظہار یکجہتی کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

اس کے علاوہ یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے ریلی بھی نکالی گئی جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیراعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے عملے سمیت شہریوں نے بھی شرکت کی۔

دنیا بھر میں ریلیاں

دوسری جانب کشمیرکونسل یورپی یونین نے اپنے بیان میں کہا کہ انسانی اقدار کے چیمپئن عالمی ممالک کی مجرمانہ خاموشی تاحال قائم ہے لیکن کشمیریوں کا جذبہ حریت ہمیشہ کی طرح بلند ہے۔

کشمیرکونسل یورپی یونین کے رہنماؤں نے عالمی برادری سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرانے کا مطالبہ کیا جب کہ کشمیرکونسل ای یو کی جانب سے برسلز میں مظاہرہ بھی کیا گیا اور  بھارت پر دباو ڈال کر  کشمیر کی پرانی حیثیت کو بحال کرانےکا مطالبہ کیا گیا۔

اس کے علاوہ دنیا بھر کے دیگر ممالک میں بھی کشمیری اور پاکستانی بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکال رہے ہیں۔ 

یہ بھی چیک کریں

پاکستان میں مزید ایک کروڑ افراد کا غربت کی لکیر سے نیچے جانے کا خدشہ ہے: عالمی بینک

عالمی بینک کی پاکستان ڈیولپمنٹ اپ ڈیٹ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال پاکستان کی …