پی ڈی ایم کا کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک گیر احتجاج جاری

لاہور: پی ڈی ایم کی  جانب سے کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک بھر میں بے روز گاری و مہنگائی کے خلاف احتجاج شروع ہوگیا ہے۔

کے ٹی وی نیوز کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک گیراحتجاج شروع ہوگیا ہے، مختلف شہروں میں پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے قائدین اور کارکنان احتجاجی مظاہروں میں شریک ہیں اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی جارہی ہے۔

مسلم لیگ(ن) پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ نے پنجاب میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا شیڈول جاری کردیا ہے، اور ڈاکٹرز، لیبر اور تاجروں سمیت تمام تنظیموں اور ونگز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

شیڈول کے تحت لاہور جین مندر چوک میں نماز جمعہ کے بعد احتجاج ہوگا، مظفرگڑھ میں جامع مسجد شہر والی (مین سٹی) سے ریلی نکالی جائے گی، مری مال روڈ پر شاہد خاقان عباسی کی زیر قیادت احتجاج ہوگا، جھنگ میں وقار سی این جی پمپ ایوب چوک میں احتجاج ہوگا۔

ملتان میں 24 اکتوبر اتوار کو دوپہر 2 بجے چوک حسین آگاہی سے احتجاجی جلوس نکلے گا، سیالکوٹ میں ہفتے کے روز 3 بجے چوک علامہ اقبال میں مہنگائی کےخلاف احتجاج ہوگا، 23 اکتوبر کو سنگلا نوالہ چوک خانیوال میں احتجاجی مظاہرہ ہوگا، گوجرنوالہ پریس کلب کے سامنے اتوار کو 3بجے احتجاج ہوگا۔

لیگی رہنما رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ عمران نیازی حکومت سے نجات سے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی سے قوم کو نجات مل سکتی ہے، یہ ظالم، کرپٹ اور نالائق حکومت جائے تو ہی عوام کو مہنگائی سے ریلیف ملے گا، ظالم حکمرانوں کو گھر بھجوانے کے لئے عوام گھروں سے نکلیں، اس گرتی ہوئی دیوار کو آخری دھکا دیں۔

یہ بھی چیک کریں

گوادر: طوفانی بارشیں، متعدد علاقے زیر آب، شہری نقل مکانی پر مجبور

گوادر:بلوچستان کے ساحلی علاقے گوادر اور اس کے ملحقہ علاقوں میں کئی گھنٹوں تک ہونے …