تیل کی قیمتوں میں کمی آرہی ہے، جلد مہنگائی سے نجات ملے گی: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی آ رہی ہے، قوم کو جلد مہنگائی سے نجات ملے گی۔

وزیراعظم کا گرین اور بلیو لائن میٹرو بس سروس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا  تیل کی قیمتوں میں اضافے نے دنیا کو پریشان کر رکھا ہے لیکن خدا کا شکر ہے کہ تیل کی قیمتوں میں کچھ کمی ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کا سلسلہ پچھلے 4 سال سے جاری ہے، گزشتہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ترقیاتی منصوبے تاخیر کا شکار ہیں، چار سال کی تاخیر کا قوم ہم سے جواب مانگتی ہے، چیئرمین سی ڈی اے ماضی کی کوتاہیوں اور تاخیر کا ازالہ کریں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک قرضوں میں جکڑا ہوا ہے لیکن ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ مل کر کریں گے، ہماری حکومت معیشت کی بہتری کے لیے کوشاں ہے، عوامی فلاح کے منصوبے حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں شمسی توانائی کا جال بچھانا چاہتے ہیں، آج اجلاس میں شمسی توانائی کے حوالے سے فیصلے کریں گے، شمسی توانائی سے عوام کی مہنگی بجلی سے جان چھوٹ جائے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا آئندہ عوامی منصوبوں میں غیر معیاری ٹینڈرنگ ہوئی تو کسی کی خیر نہیں، عوامی منصوبوں کی ایسے نگرانی کریں جیسے اپنے بچوں کی کرتے ہیں اور ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں شفافیت کو یقینی بنا رہے ہیں، ماضی کی تاخیر کے ازالے کے لیے تمام ادارے بھرپور کردار ادا کریں۔

یہ بھی چیک کریں

چناب نگر میں مسلمان سیاستدانوں کی جانب سے قادیانیت نوازی پر اہل اسلام میں شدید تشویش

چناب نگر میں قادیانیوں کی دعوت طعام میں مسلمان سیاستدانوں اور تاجروں کی شرکتقادیانیوں پر …