راولپنڈی، 20 نومبر 2026ء: انسدادِ دہشت گردی عدالت نمبر 1 راولپنڈی نے توہینِ مذہب اور دیگر الزامات کے تحت درج مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرم محمد ابتسام المصطفیٰ کو سزائے موت سنا دی۔ عدالت نے مجرم کو مختلف دفعات کے تحت عمر قید اور مجموعی طور پر متعدد سال قیدِ بامشقت کی سزائیں اور جرمانے بھی عائد کیے ہیں۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت نمبر 1 کے جج جناب امجد علی شاہ نے ایف آئی آر نمبر 36، مورخہ 3 اگست 2018ء، تھانہ ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل راولپنڈی میں درج مقدمے کا فیصلہ سنایا۔
عدالتی وارنٹِ سزا کے مطابق مجرم کو تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 295-C کے تحت سزائے موت اور 50 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔ سزائے موت پر عمل درآمد لاہور ہائی کورٹ کی توثیق سے مشروط ہوگا۔ دفعہ 295-B کے تحت عمر قید جبکہ دفعہ 295-A کے تحت چار شمار پر 10، 10 سال قیدِ بامشقت اور مجموعی طور پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں ہر شمار پر مزید چھ ماہ قیدِ بامشقت بھگتنا ہوگی۔
اسی طرح انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997ء کی دفعہ 7(1)(g) کے تحت پانچ سال قیدِ بامشقت اور پانچ لاکھ روپے جرمانہ، دفعہ 9 کے تحت پانچ سال قیدِ بامشقت اور پانچ لاکھ روپے جرمانہ جبکہ دفعہ 11-W کے تحت پانچ سال قیدِ بامشقت اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔
پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (PECA) 2016ء کی دفعہ 11 کے تحت بھی مجرم کو سات سال قیدِ بامشقت اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی گئی ہے۔ جرمانوں کی عدم ادائیگی کی صورت میں متعلقہ دفعات کے تحت مزید چھ، چھ ماہ قیدِ بامشقت بھگتنا ہوگی۔
عدالتی حکم نامے میں قرار دیا گیا ہے کہ اگر سزائے موت کی لاہور ہائی کورٹ سے توثیق نہ ہوئی تو مجرم کو سنائی گئی تمام سزائیں بیک وقت شروع ہوں گی۔ مجرم کو فیصلے کے خلاف 15 روز کے اندر لاہور ہائی کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا حق حاصل ہے۔
مزید برآں سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل راولپنڈی کو وارنٹِ سزا جاری کرتے ہوئے مجرم کو اپنی تحویل میں لینے اور مزید عدالتی احکامات تک جیل میں رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ اہم ویڈیو بھی دیکھیں
