لاہور: ( نمائندہ خصوصی) تحریک تحفظ ختم نبوت آزاد کشمیر کے وفد نے سرپرستِ اعلیٰ شیخ الحدیث مولانا محمد سلیم اعجاز کی قیادت میں کے ٹی وی کے سی ای او اور سینئر اینکرپرسن ڈاکٹر حسن رانا سے ملاقات کی۔ ملاقات میں آزاد کشمیر میں تحفظ ختم نبوت کے حوالے سے جاری آئینی و قانونی جدوجہد کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے، میڈیا کے کردار کو مزید فعال بنانے اور مسلم و غیر مسلم شہریوں کی رجسٹریشن سمیت الگ انتخابی فہرستوں کے معاملے پر توجہ دینے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد نے آزاد کشمیر میں تحفظ ختم نبوت کی آئینی و قانونی جدوجہد کو کے ٹی وی کے پلیٹ فارم پر اجاگر کرنے پر ڈاکٹر حسن رانا اور ان کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اپیل کی کہ مسلم و غیر مسلم شہریوں کی رجسٹریشن اور انتخابی فہرستوں کی علیحدگی کے معاملے کو بھی میڈیا پر بھرپور انداز میں اجاگر کرتے ہوئے اس سلسلے میں اپنا مؤثر کردار ادا کیا جائے۔
اس موقع پر ڈاکٹر حسن رانا اور ان کی ٹیم نے آزاد کشمیر سے تشریف لانے والے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہوں نے تحریک تحفظ ختم نبوت آزاد کشمیر کے سرپرستِ اعلیٰ مولانا محمد سلیم اعجاز اور نومنتخب صدر مولانا شبیر احمد کاشمیری کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے اور خوش آمدید کہا۔
ڈاکٹر حسن رانا نے آزاد کشمیر میں تحفظ ختم نبوت کے حوالے سے جاری جدوجہد، آئینی و قانونی محاذ پر پیش رفت اور فتنۂ قادیانیت کے تعاقب میں تحریک کے ذمہ داران کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اس جدوجہد کو اجاگر کرنے اور اس کے پیغام کو وسیع تر حلقوں تک پہنچانے میں میڈیا کے کردار کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
ملاقات میں تحریک تحفظ ختم نبوت آزاد کشمیر کے ناظمِ اعلیٰ مولانا جمیل احمد جامی، ترجمان تحریک حافظ محمد مقصود کشمیری، ناظمِ مالیات مفتی طاہر سلیم نقشبندی، نائب ڈویژنل ناظم مولانا عادل اعوان، ناظم ضلع جہلم ویلی مولانا سید عمران ہمدانی، مولانا محمود کیانی اور مفتی محمد مرتضیٰ بھی موجود تھے۔۔
یہ اہم ویڈیو بھی دیکھیں
