سعودی وزارتِ اسلامی امور نے مکہ مکرمہ میں قرآن پاک کے حفظ، تلاوت اور تفسیر کے 46ویں شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی مقابلے میں حصہ لینے والوں کو انعامات سے نوازا۔
ان کی کاوشوں کو تسلیم کرنے اور قرآن پاک کے لیے ان کی مسلسل لگن کی حوصلہ افزائی کے لیے پانچ ہزار سعودی ریال کے انفرادی نقد انعامات دیے گئے
جو کُل 1.5 ملین سعودی ریال سے زیادہ تھے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق چھے روزہ مقابلے میں مرد اور خواتین شرکاء کے لیے دو ججنگ پینلز نے 133 ممالک کے 334 شرکاء کی قرأت سنی.
فائنل راؤنڈ میں حفظ، مہارت، تلاوت کے معیار اور کارکردگی کی اعلیٰ سطح کا جائزہ لیا گیا ۔
اس ایڈیشن میں انعامات کی کل مالیت 10.26 ملین سعودی ریال تک تھی جس میں مقابلے کے پانچ زمروں میں سے ہر ایک میں پانچ پانچ یعنی 50 مرد اور خواتین فاتحین تھے۔
اسلامی امور کے وزیر شیخ عبداللطیف آلِ الشیخ نے مقابلے کے لیے سعودی قیادت کی حمایت اور قرآنِ کریم اور اس کے حفاظ کی مسلسل نگہداست کی تعریف کی۔
تازہ ترین ایڈیشن میں کئی بڑی تبدیلیاں متعارف کروائی گئیں اور مقابلے کی تاریخ میں پہلی بار خواتین کی شرکت نمایاں ترین رہی۔
درستگی، سکور کے حساب میں شفافیت اور جانچ کے طریقہ کار کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے الیکٹرانک ججنگ سسٹم کو بہتر بنایا گیا۔ ایڈیشن میں تنظیمی پہلوؤں اور سننے اور فیصلہ کرنے کے طریقہ کار میں بھی بہتری دیکھی گئی۔
مقابلے کے بعد وزارت نے شرکاء کے لیے کلاک ٹاور میوزیم کے ثقافتی دورے کا اہتمام کیا جو انہیں مکہ کے تاریخی مقامات سے متعارف کروانے کے ایک پروگرام کا حصہ تھا۔
دورے کے دوران شرکاء نے میوزیم کی گیلری میں فلکیات اور وقت کی پیمائش پر سائنسی اور تعلیمی نمائشیں دیکھیں۔ مکہ کلاک کی ثقافتی اور انجینئرنگ اہمیت کے جائزے کے ساتھ اس دورے کا اختتام ہوا۔
متعدد شرکاء نے مقابلے کا آخری کوالیفائنگ مرحلہ مکمل کرنے کے بعد مدینہ منورہ پہنچنے پر خوشی کا اظہار کیا۔
پرتگال سے تعلق رکھنے والی سارہ سیانی نے قرآنِ پاک سے عقیدت رکھنے والوں کی حمایت کرنے پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ سفر مقابلے میں شرکت سے بہت بڑھ کر تھا اور اسے ایک روحانی تجربہ قرار دیا جو طویل عرصے تک ان کی یادوں میں محفوظ رہے گا۔
مالدیپ سے تعلق رکھنے والے موسیٰ اشرف نے کہا کہ مقابلے میں حصہ لینا ان کی زندگی کا شاندار ترین تجربہ تھا جس سے انہیں ایک مخصوص، مسابقتی ماحول میں قرآنِ پاک کا جائزہ لینے کا موقع ملا۔
انہوں نے شرکاء کے مکہ پہنچنے سے لے کر مدینہ منورہ منتقلی تک شاندار انتظامات اور نگہداشت کے لیے منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔
یہ اہم ویڈیو بھی دیکھیں
KTV News Latest News
