این سی او سی اجلاس، ملک میں نئی کورونا پابندیوں کا نفاذ

اسلام آباد: این سی او سی نے ملک بھر میں کورونا کی تیزی سے بڑھتی ہوئی شرح کے بعد ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرانے اور پابندیوں کا نفاذ شروع کردیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر نئے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر(ایس او پیز) تجویز کرنے کے لیے17 جنوری کو صوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس طلب کرلیا جبکہ پروازوں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں کھانے کی خدمات فراہم کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

این سی او سی کے اجلاس کے بعد جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں کورونا کے بڑھتے ہوئے رجحان کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں خاص طور پر شہری مراکز میں کورونا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے تناظر میں وبائی مرض کے چارٹ کے اعداد و شمار، بیماری کے پھیلاؤ اور تجویز کردہ ایس او پیز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں موجودہ ایس او پیز کا جائزہ لیتے ہوئے 17 جنوری 2022 کو صوبائی وزرائے صحت اور تعلیم کا اجلاس طلب کیا گیا تاکہ نئے ایس او پیز تجویز کی جائیں، جس میں تعلیم کے شعبے، عوامی اجتماعات، شادی کی تقریبات، انڈور اور آؤٹ ڈور کھانے اور ٹرانسپورٹ کے شعبے پر توجہ دی جائے۔

این سی او سی نے 17 جنوری 2022 سے ہوائی سفر میں کھانے اور ناشتے پر مکمل پابندی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بیان کے مطابق سول ایوی ایشن (سی اے اے) سے کہا ہے کہ وہ پرواز کے اندر ماسک پہننے کو یقینی بنائے اور تمام ہوائی اڈوں پر کورونا ایس او پیز کو بھی فورا‘‘ نافذ کرے۔

این سی او سی نے بیان میں کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں بھی کھانے اور ناشتے کی فراہمی پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

یہ بھی چیک کریں

پاکستان میں پہلی بار ایک جگر کی 2 مریضوں میں پیوندکاری اور لبلبہ ٹرانسپلانٹ کا کامیاب آپریشن

پاکستان میں پہلی بار  ایک جگر کی دو مریضوں میں پیوندکاری اور لبلبہ ٹرانسپلانٹ کی …