وزیراعلیٰ پنجاب کا 100یونٹ استعمال کرنیوالے گھریلو صارفین کو مفت بجلی دینےکا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے صوبے میں 100 یونٹ تک استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو  مفت بجلی دینےکا اعلان کردیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ آج ہمیں اس ملک کو بچانا ہے، ہمیں عوام کی مشکلات کا احساس ہے، مجبوری کے تحت سخت فیصلے کیے گئے، پیٹرول پرکڑوے فیصلے دل پرپتھر رکھ کرکیے۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ جب بجلی کا بل آتا ہے تو قیامت ڈھاتا ہے، پچھلے 6 ماہ میں جنہوں نے 100 یونٹ بجلی استعمال کی ہے، پنجاب حکومت انہیں مفت بجلی فراہم کرے گی، 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کے بل کا خرچہ اگست سے پنجاب حکومت اٹھا ئےگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہم ضرورت مند افراد کو سولر پینل مفت فراہم کریں گے، اجالا پروگرام کے ذریعے ضرورت مندوں کو مفت سولر  پینل دیں گے، پنجاب حکومت نے سستی بجلی فراہم کرنے کے لیے 100 ارب روپے رکھے ہیں، اس سے 90 لاکھ خاندانوں کو فائدہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے جن کوبھی آہستہ آہستہ بوتل میں بند کریں گے، آئی ایم ایف کا پروگرام چلےگا،انٹرنیشنل ڈونر آئیں گے، ہمارے دوست ممالک مدد کریں گے، وقت آئےگاجب معیشت اپنےٹریک پربحال ہوگی، ریلیف سستے آٹے سے شروع ہوا، پھرمفت دوائیں اور اب مفت بجلی دے رہے ہیں۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ میں نےکمٹمنٹ کی ہےکہ انتقامی کارروائی نہیں ہوگی، ہم ثبوت پہلے پیش کریں گے، پریس کانفرنس بعد میں کریں گے، قوم ان کو 17 جولائی کو آئینہ ضرور دکھائےگی، توشہ خانہ، فارن فنڈنگ اور فرح گوگی کےاربوں کےغبن کاعمران نیازی حساب دیں، 60کروڑ روپےکا پلاٹ حاصل کرنےکے لیے جعلی کمپنی بنائی گئی، عوام کے سامنے ہرکیس کے حقائق آئیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام تنگ آ چکے ہیں سازش کا بیانیہ سن سن کر، غریب کا جھونپڑا گرادیا اور اپنے بنی گالا محل کو ریگولرائز کرالیا، ہماری نیت ہے پاکستان کو دوبارہ وہیں لائیں جہاں ترقی کاسفر رکا تھا۔

یہ بھی چیک کریں

ایک ماہ کیلئے بجلی 2 روپے 94 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی تیاری

مہنگائی کے مارے عوام پر ایک اور بجلی بم گرانے کی تیاری کرلی گئی ہے۔ …