اسلامی سربراہی کانفرنس کی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس جاری

اسلام آباد: (کے ٹی وی نیوز) او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کا 2 روزہ اجلاس اسلام آباد میں شروع ہو گیا جس میں 48 رکن ممالک کے وزرا شریک ہیں، وزیراعظم عمران خان بھی افتتاحی سیشن میں موجود ہیں۔

تاریخ ساز لمحہ آ گیا، پاکستان کی میزبانی میں او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس کا اجلاس وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جاری ہے، اجلاس میں 150 سے زائد قراردادیں منظور کئے جانے کا امکان ہے جو کشمیر، فلسطین، اسلام فوبیا، اُمّہ کے اتحاد سمیت مختلف مسائل و معاملات سے متعلق ہیں۔

مسئلہ کشمیر کی خصوصی اہمیت کے پیش نظر او آئی سی رابطہ گروپ کا اجلاس ہو گا جس میں گذشتہ 7 دہائیوں سے مقبوضہ وادی میں جاری بھارتی مظالم کی مذمت کی جائے گی۔

اجلاس میں اسلامی سربراہی کانفرنس کے سیکرٹری جنرل، مصر، سعودی عرب اور چین کے وزرائے خارجہ سمیت کئی ممالک کے نائب وزرائے خارجہ اور عالمی اداروں کے سربراہان اور مندوبین شریک ہیں۔ اسلامی ترقیاتی بینک (آئی ڈی بی) کے صدر محمد سلیمان الجاسر، صومالیہ کے وزیر خارجہ عابدی سید موسیٰ علی، آذربائیجان کے نائب وزیر خارجہ النورمحمدوف، مغربی افریقی ملک کوٹ ڈیو وا کی وزیر خارجہ کاندیا کمارا نی کامیسوکو، گیمبیا کے وزیرخارجہ ڈاکٹر میمدو تنگارا سمیت مختلف ممالک کے وفود بھی اجلاس میں موجود ہیں۔ 

کانفرنس میں شرکت کرنے والے معزز مہمانان گرامی کل یوم پاکستان کے موقع پر ہونے والی مسلح افواج کی پریڈ میں خصوصی شرکت کریں گے، کانفرنس کے  اختتامی سیشن کے بعد وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحٰہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کریں گے۔

یہ بھی چیک کریں

آج سے 16 جولائی کے دوران ملک میں بارشوں کا امکان

آج سے 16 جولائی کے دوران اسلام آباد ، پنجاب اورکشمیر میں بارشوں کا امکان …